حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل ضلع چکوال کے زیر اہتمام عظیم الشان تعزیتی ریفرنس برائے رہبر شہید اور استقبالِ محرم الحرام پروگرام منعقد ہوا۔ جس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے خصوصی شرکت کی۔
علامہ عارف حسین واحدی نے رہبرشہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: شہیدِ انقلاب نے اپنی عظیم قربانی سے ثابت کر دیا کہ اہلِ حق کبھی یزیدی قوتوں کے سامنے سرِ تسلیم خم نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا: جس طرح امام حسین علیہ السلام نے ظلم و جبر کے سامنے جھکنے سے انکار کیا، اسی طرح آج بھی ان کے پیروکار استقامت اور حق گوئی کے راستے پر گامزن ہیں۔
علامہ عارف واحدی نے کہا: موجودہ عالمی صورتِ حال میں رہبر شہید کے مقدس خون کے صدقے ایران کو دو بڑی ایٹمی قوتوں پر عظیم کامیابی حاصل ہوئی ہیں اور دشمن ذلت آمیز شکست و ناکامی سے دوچار ہوا ہے۔

محرم الحرام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: مجالس اور عزاداری میں مقصدِ حسینؑ، اسلامی معارف اور فضائلِ اہلِ بیتؑ کو اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسی کوئی منفی گفتگو نہیں ہونی چاہیے جس سے اتحادِ امت کو نقصان پہنچے یا مسلمانوں کے درمیان نفرت اور اختلافات کو فروغ ملے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے پاکستان میں ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ ان کا پیغام بھی یہی ہے کہ امت مسلمہ کے درمیان اخوت، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے۔ کسی فرد یا گروہ کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ پاکستان میں کسی بھی مسلک کے مقدسات کی توہین کرے۔
سوشل میڈیا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: مختلف مسالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنے،اشتعال انگیزی پھیلانے،ملکی استحکام کو نقصان پہنچانے والے منفی ہتھکنڈوں سے انتہائی ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: عزاداریِ سیدالشہداءؑ ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ عزاداری کے راستے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے اور عزاداروں کو مکمل مذہبی آزادی فراہم کی جائے۔

انہوں نے حالیہ ایران۔امریکہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا: پاکستان نے ثالثی اور امن کے قیام کے لیے جو کردار ادا کیا ہے اس سے ملک کا وقار بلند ہوا ہے۔
انہوں نے حکمرانوں کی بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا: دنیا میں امن کے قیام کے حوالے سے امریکی صدر کو امن کا کریڈٹ دینا حقائق کے منافی ہے۔ پاکستان کے 99.9فیصد لوگ جس شخص کو قاتل اور دہشتگرد سمجھتے ہیں اور اس شخص کو غزہ، لبنان،میناب اور ایران میں معصوم بچوں، خواتین اور شہریوں کے قتل عام کا سب سے بڑا ذمہ دار سمجھتے ہیں حکمرانوں کو اس مسئلے پر اپنے عوام کی رائے کو سمجھنا چاہئے۔









آپ کا تبصرہ